ریاض21جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیاہے کہ وہ قطری عازمین حج، معتمرین اور قطر میں مقیمین کوخوش آمدید کہتے ہوئے انہیں تمام تر سہولیات پیش کرے گی۔وزارت کے بیان میں کہاگیاہے کہ قطری برادران کی جانب سے عمرہ ادا کرنے کی شدید خواہش کو پورا کرنے کے واسطے وزارت حج و عمرہ اس امرکوباور کراتی ہے کہ یہ لوگ کسی بھی فضائی کمپنی کے ذریعے کسی بھی وقت عمرہ ادا کرنے کا سلسلہ جاری رکھ سکتے ہیں۔ قطری شہری جدہ کے شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ کے ذریعے آ سکتے ہیں۔سعودی وازرت کے مطابق جہاں تک فریضہ حج ادا کرنے کا تعلق ہے تو قطری شہری اور قطر میں مقیم افراد جن کے پاس حج پرمٹ ہے اور وہ حج کے الکٹرونک روٹ میں رجسٹرڈ ہیں .. وہ حکومت قطر کی جانب سے منتخب کردہ دیگر فضائی پروازوں کے ذریعے آ سکتے ہیں جن کمپنیوں کی منظوری سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے دی گئی ہو۔وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا کہ رواں سال قطر سے تمام حجاج فضائی راستے سے آئیں گے۔